اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنیک) نے پاکستان ریلویز کے موجودہ مین لائن (ایم ایل ون) کے اپ گریڈیشن منصوبہ کی پی سی ون اور کراچی سرکلرریلوے پراجیکٹ کی منظوری دیدی ہے۔ ایکنیک کا اجلاس پیرکویہاں وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، سیدنویدقمر، بلوچستان کے وزیرمنصوبہ بندی نورمحمد دمڑ، وفاقی سیکرٹریز، چئیرمین ایف بی آر اوروفاق اورصوبوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان ریلویز کے موجودہ مین لائن (ایم ایل ون) کے اپ گریڈیشن منصوبہ کی پی سی ون کی منظوری دی گئی، منصوبہ پر9851.079 ملین ڈالرکی لاگت آئیگی۔ مین لائن ون کراچی سے شروع ہوکرکوٹری، حیدرآباد، روہڑی، ملتان، لاہوراور راولپنڈی سے گزرتے ہوئے پشاورمیں ختم ہوجاتی ہے۔پی سی ون کی منظوری لاگت کی سفارشات، تکنیکی تفصیلات، اورایکویٹی پرمشتمل مالیاتی ماڈل سے مشروط کی گئی ہے۔
اجلاس میں کراچی سرکلرریلوے پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبہ پر292,388 ملین روپے کی لاگت آئیگی جس میں 263,149 ملین روپے کی بیرونی امدادشامل ہے۔منصوبہ کے تحت 44 کلومیٹرطویل جدید شہری ریلوے ٹریک تعمیرکی جائیگی جوڈریگ سے شروع ہوکرگلشن اقبال، فیٖڈرل بی ایریا، لیاقت آباد،نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، سائیٹ اورلیاری سے گزرے گی۔ اجلاس میں آزادکشمیرکے ضلع نیلم میں 48 میگاواٹ شونٹرہائیڈروپاورپراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔