ایک سال کے دوران زمین کا اوسط درجہ حرات صنعتی دور سے پہلے کی سطح سے 1.5 درجے سینٹی گریڈ زیادہ رہا،تحقیقات رپورٹ

152

برسلز۔8جولائی (اے پی پی):یورپی ماہرین نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران زمین کا اوسط درجہ حرات صنعتی دور سے پہلے کی سطح سے 1.5 درجے سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 2015 میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے طے پانے والے پیرس معاہدے میں زمین کے اوسط درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 درجے سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کی کوششوں پر زور دیا گیا تھا ۔ یورپی یونین کی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق جولائی 2023 سے جون 2024 تک مسلسل اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی دور (1850-1900) کی سطح سے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا،اس کے علاوہ اس مدت کے دوران عالمی اوسط درجہ حرارت ریکارڈ بلند ترین سطح پر رہا جو 1991۔2020 کی اوسط سطح سے 0.76 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ اور 1850-1900 سے پہلے کے صنعتی دور کی اوسط سطح سے 1.64 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈیٹا ریکارڈ میں جون 2024 عالمی سطح پر کسی بھی گزشتہ جون کے مقابلے میں زیادہ گرم تھا ،اس ماہ کےد وران سطح زمین کے قریب ہوا کا اوسط درجہ حرارت 16.66 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،رپورٹ کے مطابق یہ لگاتار 13 واں گرم ترین جون بھی رہا ۔کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے ڈائریکٹر کارلو بوونٹیمپو کے مطابق یہ ہماری آب و ہوا میں بڑی اور مسلسل تبدیلی کا اظہار ہے،تشویش کی بات یہ ہے کہ اوسط درجہ حرارت میں اضافہ بھی جاری ہے ۔واضح رہے کہ پیرس معاہدے کے مطابق رواں صدی کے آخر تک زمین کے اوسط درجہ حرارت میں اضافے کو صنعتی دور کے اوسط درجہ حرارت سے دو ڈگری سینٹی گریڈ سے کم بلکہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا تھا۔