کراچی ۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ایک عالمی کمپنی منچھر جھیل کی صفائی اور لیاری ندی پر ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لئے کام کرنے کو تیار ہے۔وزیراعلٰی ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلٰی سندھ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اجلاس میں صوبائی وزیر جنگلات تیمور ٹالپر، سیکریٹری فاریسٹ بدر جمیل میندھرو، سیکریٹری ماحولیات حسن اقبال بھی موجود تھے ۔وزیراعلٰی سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مچھلی کی اچھے ماحول میں افزائش کے لئے ٹھٹہ، سجاول، بدین اور کراچی کیلئے اسکیمز بنا رہے ہیں،اس اسکیم پر 2 بلین روپے لاگت آئے گی، جو ہمیں وفاقی فنڈز سے دیئے جائیں۔
وزیراعلٰی سندھ نے کہا کہ منچھر جھیل کو صاف کر کے ماہی گیروں کی روزگار میں اضافہ اور اس کا پانی استعمال کرنا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ سندھ حکومت منچھر جھیل کی اسکیم بنا کر بھیجے ہم اس پر کام کریں گے۔