اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روسی حکومتی ادارہ میسرزپرودین تورگ سے بین الحکومتی سطح پر 372 ڈالرفی میٹرک ٹن کی قیمت پر3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پیٹرولیم مصنوعات پر 6 روپے فی لیٹرمارجن کی مشروط منظوری دیدی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس پیرکویہاں وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، سیدنویدقمر، سابق وزیراعظم ورکن قومی اسمبلی شاہدخاقان عباسی، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق پاشا، وفاقی سیکرٹریز، چئیرمین ایف بی آر اورسینئیرافسران نے شرکت کی۔
وزارت تجارت کی سمری پرای سی سی نے روسی حکومتی ادارہ میسرزپرودین تورگ سے بین الحکومتی سطح پر 372 ڈالرفی میٹرک ٹن کی قیمت پر3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمدکی منظوری دیدی، یہ گندم 15 نومبر2022 سے لیکر15 جنوری 2023 تک کی مدت میں درآمد کی جائیگی۔ اجلاس میں وزارت توانائی (پاورڈویژن) کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پیٹرولیم مصنوعات پرمارجن کے حوالہ سے سمری پیش کی گئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اصولی طورپر6 روپے فی لیٹرمارجن کی منظوری دیدی تاہم اس کااطلاق پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں مالی گنجائش کی صورت میں ہوگا۔
اجلاس میں وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے سی پیک ٹی سی بی (تھرکول) پراجیکٹ کی کمیشننگ کیلئے پاورپرچیز ایگری منٹ میں ترامیم سے متعلق سمری پیش کی گئی،ای سی سی نے سمری کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس فیصلے سے ٹیرف پرکوئی اثرنہیں ہونا چاہئیے، اجلاس میں بتایاگیاہے کہ غیرمعمولی صورتحال کی وجہ سے یہ فیصلہ کیاگیاہے۔
اجلاس میں وزارت توانائی (پاورڈویژن) کی جانب سے پاکستان انرجی ریوالونگ فنڈ بارے سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے پاکستان انرجی ریوالونگ فنڈ کے ٹائٹل سے سٹیٹ بینک اسلام آباد میں اکاونٹ کھولنے کی اجازت دیدی، یہ اکاونٹ سینٹرل پاورپرچین ایجنسی چلائیگی۔