لاہور۔4اکتوبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے ای چالان نادہندگان کےخلاف گھیرا تنگ کردیا۔ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار نے 103 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی کو پکڑ لیا۔انہوں نے بتایاکہ کار ڈرائیور نے موقع پر 61 مرتبہ ٹریفک سگنل، 35 مرتبہ لین لائن، 6 مرتبہ اوورسپیڈنگ، 01 مرتبہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کر کے خلاف ورزی کی۔
انہوں نے بتایاکہ مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیمیں موجود ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے مالکان پولیس سروسز سے مستفید نہیں ہوسکتے، ای چالان ڈیفالٹر مالکان ڈرائیونگ لائسنس،کریکٹر سرٹیفکیٹ،ویری فکیشن و دیگر 14 سہولیات حاصل نہیں کرسکتے۔
انہوں نے بتایاکہ سیف سٹیز اور پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا ہے، گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیر اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کےخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کیمروں کی مدد سے ٹریفک لوڈ مینجمنٹ، مانیٹرنگ اور سرویلنس کو یقینی بنایا جارہاہے ، بہترین ٹریفک مینجمنٹ کیلئے سیف سٹی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کیا جارہا ہے۔