آکلینڈ۔9جنوری (اے پی پی):فرانس کے نامور ٹینس سٹار گیل مونفلس اے ٹی پی ٹور ایونٹ اے ایس بی کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے ۔
اے ٹی پی ٹینس ٹورانامنٹ نیوزی لینڈ کے مشہور شہر آکلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔38 سالہ فرانسیسی ٹینس سٹار گیل مونفلس نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی فیکونڈو ڈیاز اکوسٹا کو شکست دی۔
نیوزی لینڈ کے مشہور شہر آکلینڈ کے اے ایس بی ٹینس سینٹر میں کھیلے گئےا ے ٹی پی ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں گیل مونفلس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے ٹینس کھلاڑی فیکونڈو ڈیاز اکوسٹا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 1-6 سے شکست دی اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔فرانسیسی فاتح کھلاڑی گیل مونفلس کا سیمی فائنل میں مقابلہ امریکی حریف کھلاڑی نشیش بسواریڈی سے ہوگا۔