اے ایف سی ایشین کپ کے کوالیفائیر میچ میں پاکستان کو شام کے خلاف اپنی دفاعی حکمت عملی بہتر بنانا ہوگی، انٹرنیشنل گول کیپر جمشید انور رانا

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):سابق انٹرنیشنل گول کیپر جمشید انور رانا نے کہا ہے کہ اے ایف سی ایشین کپ کے کوالیفائیر میچ میں پاکستان کو شام کے خلاف اپنی دفاعی حکمت عملی بہتر بنانا ہوگی اور قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کواپنے ہوم گرائونڈ میں جذبے کے ساتھ متحد ہو کر اترنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں …

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):سابق انٹرنیشنل گول کیپر جمشید انور رانا نے کہا ہے کہ اے ایف سی ایشین کپ کے کوالیفائیر میچ میں پاکستان کو شام کے خلاف اپنی دفاعی حکمت عملی بہتر بنانا ہوگی اور قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کواپنے ہوم گرائونڈ میں جذبے کے ساتھ متحد ہو کر اترنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام کی ٹیم کو گروپ ای میں مضبوط سمجھا جارہا ہے اور پاکستان کو اے ایف سی ایشین کپ کے کوالیفائیر رائونڈ کے گروپ ای میں شام، میانمار اور افغانستان کے ساتھ رکھا گیا ہے، تمام میچز ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلے جا رہے ہیں پاکستان نے چار میچ کھیلے ہیں دو میچ افغانستان کے خلاف ہوم اینڈ اوے برابر کھیل چکا ہے اور قومی ٹیم کو دو میچوں میں عراق اور شام کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شام کی ٹیم اپنے گروپ ای میں چاروں میچ جیت کر سرفہرست ہے

جبکہ پاکستان سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔ اس لئے شام کی ٹیم کو گروپ ای میں مضبوط سمجھا جارہا ہے۔ اب پاکستان شام کےخلاف ہوم میچ (آج) منگل کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوم گرائونڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اے ایف سی ایشین کپ سعودی عرب 2027 کوالیفائر کے حصے کے طور پر شیڈول ہے۔ جمشید انور رانا نے کہا کہ پاکستان کو اپنی دفاعی حکمت عملی کو بہتر بنانا پڑے گا۔ شام نے اپنے آخری میچ میں پاکستان کے خلاف 2 گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دفاع کو سخت کرنے سے شام کے گول کرنے کے مواقع کو محدود کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور پاکستان کو ہوم گرائونڈ اور ہوم کرائوڈ کا فائدہ ضرور حاصل کرنا چاہئے۔