دہشت گردی اور جرائم کے خلاف پولیس فورس کی بہادری، پیشہ وارانہ صلاحیت اور قربانیاں پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہیں، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف پولیس فورس کی بہادری، پیشہ وارانہ صلاحیت اور قربانیاں پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہیں۔

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف پولیس فورس کی بہادری، پیشہ وارانہ صلاحیت اور قربانیاں پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہیں۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ملک بھر کے پولیس افسران و اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، شہدائے پولیس کے اہلِخانہ کی استقامت اور قربانیاں قومی سرمایہ ہیں، قوم ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مضبوط، جدید اور باصلاحیت پولیس فورس ہی امن، انصاف اور قانون کی مؤثر عملداری کی ضمانت ہے، یومِ شہدائے پولیس ہمیں وطن کے محافظوں کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے مشن کی تکمیل کے لئے متحد رہے گی۔