مشیر چیئرمین سینیٹ مصباح کھر کی فلپائن کے سینیٹ صدر شیرون گیچالیان سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے منیلا میں یونائیٹ گلوبل سمٹ 2026 کے موقع پر جمہوریہ فلپائن کے سینیٹ کے صدر شیرون گیچالیان سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور فلپائن کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، پارلیمانی روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

منیلا۔4اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے منیلا میں یونائیٹ گلوبل سمٹ 2026 کے موقع پر جمہوریہ فلپائن کے سینیٹ کے صدر شیرون گیچالیان سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور فلپائن کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، پارلیمانی روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق مصباح کھر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے فلپائنی سینیٹ کے صدر کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمانی روابط اور دوطرفہ تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

پاکستانی پارلیمانی وفد جس میں سینیٹر خالدہ عطیب، سینیٹر حسنیٰ بانو، سینیٹر راحت جمالی، مشیر چیئرمین سینیٹ مصباح کھر اور وفد کے دیگر ارکان شامل تھے، نے فلپائن کی سینیٹ کا دورہ بھی کیا اور ایوان کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ سینیٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹ صدر شیرون گیچالیان نے پاکستانی وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور وفد کا ایوان میں تعارف کرایا۔مصباح کھر نے پاکستان اور فلپائن کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 76 سال مکمل ہونے پر فلپائن کو مبارکباد دی اور آسیان کے ساتھ پاکستان کے روابط کے لئے فلپائن کی مسلسل حمایت کو سراہا۔فریقین نے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس، کمیٹیوں کی سطح پر تعاون، پارلیمانی عملے کے تبادلے اور علاقائی و بین الاقوامی پارلیمانی فورمز میں شرکت کے ذریعے پارلیمانی روابط کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے پارلیمانی سفارتکاری کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے مصباح کھر نے فلپائنی سینیٹ کے صدر کو بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) اور تاریخی اسلام آباد اعلامیے کے بارے میں بریفنگ دی اور کانفرنس کی افتتاحی نشست میں فلپائن کی سابق صدر گلوریا میکاپاگل ارویو کی شرکت کو سراہا۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ زراعت، ادویہ سازی، حلال خوراک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

دونوں جانب سے دفاع، انسداد دہشت گردی، علاقائی امن اور کثیرالجہتی تعاون کے شعبوں میں قریبی روابط جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔فلپائنی سینیٹ کے صدر شیرون گیچالیان نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کا خیرمقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مضبوط پارلیمانی تعاون پاکستان اور فلپائن کی دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے باہمی مفاد کے لئے پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔