وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی ملاقات

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ملاقات کی جس میں سندھ کی ماحولیاتی صورتحال، ماحولیات کے تحفظ، شجرکاری اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ملاقات کی جس میں سندھ کی ماحولیاتی صورتحال، ماحولیات کے تحفظ، شجرکاری اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

منگل کووزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سے جاری بیان کے مطابق گورنر سندھ نے ماحول کے تحفظ کے لیےوفاقی وزیر کے اقدامات کو سراہا۔ملاقات میں سندھ میں اربن فاریسٹ گرین انیشی ایٹو پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر نے یومِ آزادی کے موقع پر سندھ بھر میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔

دونوں رہنمائوں نے وزیر ریلوے کی مشاورت سے سندھ میں ریلوے لائنوں کے اطراف اربن فاریسٹ قائم کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا تاکہ ماحولیاتی بہتری اور سرسبز پاکستان کے وژن کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے وفاقی وزیر کو گورنر ہائوس کراچی کے دورے کی دعوت دی اور طلبہ و طالبات سے ماحولیاتی آگاہی کے موضوع پر خطاب کی بھی درخواست کی جسے وفاقی وزیر نے قبول کر لیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنمائوں نےسیاسی ہم آہنگی، قومی استحکام اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔وفاقی وزیر نے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی سیاسی جدوجہد اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے ہیرو ہیں۔