پاکستان کے لیے ایک اور بڑا اعزاز، احسان محسود نے تھائی لینڈ تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

قومی کھلاڑی احسان محسود نے تھائی لینڈ میں منعقدہ تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم فخر سے بلند کر دیا۔

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):قومی کھلاڑی احسان محسود نے تھائی لینڈ میں منعقدہ تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم فخر سے بلند کر دیا۔چیمپئن شپ کے دوران احسان محسود کا سفر انتہائی شاندار رہا۔ انہوں نے اپنے ابتدائی مقابلے میں قازقستان کے کھلاڑی کو شکست دے کر کامیابی کا آغاز کیا۔ اس کے بعد سیمی فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں انہوں نے بھارت کے حریف کو مات دی اور فائنل میں جگہ بنائی۔

فائنل معرکے میں بھی احسان محسود کا پلڑا بھاری رہا جہاں انہوں نے سری لنکا کے کھلاڑی کو چت کرتے ہوئے گولڈ میڈل پر قبضہ جما لیا۔اس عظیم کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو احسان محسود نے اپنی اس فتح کو اللہ تعالیٰ کے فضل، والدین کی دعائوں اور پاکستانی عوام کی محبتوں کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا یہ گولڈ میڈل پوری پاکستانی قوم کے نام وقف کر دیا۔تھائی لینڈ میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانے اور گولڈ میڈل جیتنے پر ملک بھر میں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کھیلوں کے حلقوں نے احسان محسود کی اس شاندار کامیابی کو نوجوانوں کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزید خبریں