سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے وژن کے مطابق نوجوان نسل، خصوصاً طالبات کو جمہوری اقدار، قانون سازی کے عمل اور پارلیمانی نظام سے عملی طور پر روشناس کرانے کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے مطالعاتی دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں منگل کوطالبات پرمشتمل ایک وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ کیا۔
سپیکر خیبر پختونخوا کے وژن کے تحت نوجوانوں کو پارلیمانی امور میں عملی کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ،سیکرٹری خیبر پختونخوا

مزید خبریں
پشاور۔ 04 اگست (اے پی پی):سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے وژن کے مطابق نوجوان نسل، خصوصاً طالبات کو جمہوری اقدار، قانون سازی کے عمل اور پارلیمانی نظام سے عملی طور پر روشناس کرانے کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے مطالعاتی دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں منگل کوطالبات پرمشتمل ایک وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ کیا۔دورے کے دوران سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں اسمبلی کی آئینی حیثیت، قانون سازی کے مراحل، پارلیمانی روایات، قائمہ کمیٹیوں کے کردار، عوامی نمائندگی کے نظام اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر طالبات کو ایک کھلا اور دوستانہ ماحول فراہم کیا گیا جہاں انہوں نے بلا جھجھک تعلیم، طالبات کو درپیش مسائل، قیادت، خواتین کی شمولیت اور دیگر سماجی امور پر اپنے خیالات، سوالات اور تجاویز پیش کیں۔سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کا واضح وژن ہے کہ نوجوانوں کو صرف پارلیمانی نظام سے آگاہ ہی نہ کیا جائے بلکہ انہیں قومی و صوبائی سطح پر پالیسی سازی، جمہوری عمل اور پارلیمانی سرگرمیوں میں عملی کردار ادا کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی مثبت سوچ، صلاحیتوں اور توانائی کو بروئے کار لا کر ہی مضبوط جمہوری روایات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی نشست محض ایک تعارفی ملاقات نہیں بلکہ نوجوانوں کے ساتھ ایک مسلسل رابطے کا آغاز ہے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ مستقبل میں بھی ایسے پلیٹ فارمز مہیا کرے گا جہاں طلبہ و طالبات نہ صرف اپنی آراء پیش کر سکیں بلکہ عملی تربیت اور پارلیمانی سرگرمیوں کے ذریعے اسمبلی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا موقع بھی حاصل کریں تاکہ نوجوانوں کی تجاویز کو مؤثر انداز میں عوامی خدمت اور پالیسی سازی کا حصہ بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ اسی وژن کے تحت خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کے ذریعے نوجوانوں، خواتین اور بچوں کی استعدادِ کار میں اضافے، جمہوری شعور کے فروغ اور پارلیمانی استعداد سازی کے لیے مشترکہ اقدامات کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں اسمبلی میں چائلڈ کاکس اور ویمن پارلیمنٹری کاکس بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ نوجوانوں کو مستقبل میں ان پروگراموں کے ذریعے عملی شمولیت اور تربیت کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔دورے کے اختتام پر طالبات کو اسمبلی ہال، کمیٹی رومز، لائبریری، تاریخی گیلری اور اسمبلی کی دیگر اہم جگہوں کا دورہ بھی کرایا گیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا اسمبلی کی تاریخ، روایات اور جمہوری سفر سے متعلق آگاہ کیا گیا۔وفد نے اس اقدام کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے اسپیکر خیبر پختوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے نوجوان دوست وژن کو سراہا اور خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کا شکریہ ادا کیا۔








