اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 4 کارروائیوں میں 3 خواتین سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے

105
ANF ​​action
ANF ​​action

راولپنڈی ۔14جنوری (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 4 کارروائیوں میں 3 خواتین سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے۔

اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ 24 گھنٹوں کے انسداد منشیات آ پریشنز کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 36 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 37.166 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔حیدر آباد میں لطیف آباد کے قریب خاتون سے 700 گرام آئس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے بحرین جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 466 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

سمبڑیال موڑ سیالکوٹ میں ریسٹورنٹ کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 24 کلوگرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان گرفتار کر لیے۔سہراب گوٹھ کراچی میں بس ٹرمینل کے بالمقابل دو خواتین کے قبضے سے 12 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔