اے این ایف نے گزشتہ ایک ہفتہ میں ملک گیر انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 278کلوگرام سے زائد منشیات بر آمد کیں

111

راولپنڈی۔25ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے گزشتہ ایک ہفتہ میں ملک گیر انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 278کلوگرام سے زائد منشیات بر آمد کیں ۔اے پی پی کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اے این ایف نے 19ستمبر سے 24ستمبر کے دوران ملک بھر میں انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپےمالیت کی 278کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کیں ۔ان کارروائیوں کے دوران تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو منشیات فراہمی میں ملوث نیٹ ورکس کے گرد بھی گھیرا تنگ کیاگیا اور متعدد ملزمان کو گرفتار کیاگیا ۔اے این ایف نے کراچی میں نرسری سٹاپ کے قریب واقع کوریئر آفس میں کارروائی کے دوران الیکٹرانک کے سامان کی آڑ میں منشیات اور بڑی تعداد میں اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا ئی ۔

پشاور سے بھیجے گئے پارسل میں موجود الیکٹرانک سامان سے 1 کلو 200 گرام چرس اور اسلحہ برآمدکیاگیا۔برآمد شدہ اسلحے میں 5 عدد نائن ایم ایم پستول 2 عدد 30 بور پستول اور 17 میگزین بمعہ 55 روند شامل تھے ۔برآمد شدہ اسلحہ اور منشیات بیٹری چارجرز اور جوسر مشینوں میں مہارت کے ساتھ چھپایا گیا تھا۔پارسل کارخانوں مارکیٹ پشاور سے کراچی کیلئے بک کروایا گیا تھا۔اسلحہ اور منشیات قبضے میں لے کر ملوث ملزمان کی تلاش کیلئے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔انسداد منشیات کی 10 الگ کارروائیوں میں ڈھائی کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 168 کلوگرام منشیات برآمدکرکےخاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔سیکٹر ایچ الیون ،اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب 2 ملزم سے مجموعی طور پر 700 گرام چرس برآمدکی گئی ۔

سیالکوٹ میں یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 200 گرام چرس، 200 گرام آئس اور 150 گرام ایکسٹیسی نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں ۔سیالکوٹ میں تعلیمی ادارے کے قریب رکشہ سے 8.4 کلوگرام چرس برآمدکرکے خاتون سمیت 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔ملزمان کی نشاندہی پر شیخوپورہ میں واقع گھر سے مزید 10.8 کلو گرام افیون اور 54 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ۔پشاور ایئرپورٹ پر دو مختلف کاروائیوں میں بحرین اور دوحہ جانے والے مسافروں سے 2.1 کلوگرام آئس برآمدکی گئی ۔کراچی ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 994 گرام آئس برآمد کی گئی ۔کراچی میں واقع کوریئر آفس میں پشاور سے بھیجے گئے پارسل سے 4.7 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔پسنی میں کوسٹل لائن کے قریب 60 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے اس عرصہ میں جنوبی پنجاب میں اہم کارروائی کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کو ختم کیا جو سوشل میڈیا اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے تعلیمی اداروں کے طلباء کو نشانہ بنا رہا تھا۔ یہ نیٹ ورک، دو بھائی چلاتے تھے، جو طلباء کو پارٹی ڈرگز کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ میں ملوث تھے۔ اے این ایف ٹیم نے انٹیلی جنس اطلاع کے ذریعے انہیں گرفتار کر کے 1,500 ایکسٹیسی گولیاں، 1.5 کلو گرام میتھم فیٹامائن (آئس) اور 2 کلو گرام چرس بھی ضبط کر لی۔منشیات اسمگلروں نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کے لیے سوشل میڈیا اور ای کامرس پلیٹ فارمز کا سہارا لیا، جس سے نوجوانوں تک رسائی اور ان کو منشیات کا عادی بنانا آسان تھا۔ ان آن لائن نیٹ ورک کے ذریعے ملزمان نے منشیات کی فروخت کو فروغ دیا اور سہولت فراہم کی اور شناخت سے بچنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا استعمال کیا۔

ملزمان نے ملتان کے مختلف گھروں اور ہوٹلوں میں منشیات سے چلنے والی (ریو)پارٹیوں کا بھی اہتمام کیا، خاص طور پر ہاسٹل کے طلباء کو نشانہ بنایا۔ اے این ایف نے تعلیمی اداروں کو منشیات فراہم کرنے والے بڑے ڈرگ مینوفیکچرنگ یونٹ کو بے نقاب کر دیا۔ منشیات سمگلنگ کرنے والی تنظیموں (ڈی ٹی اوز) کے خلاف ایک اہم کارروائی میں اینٹی نارکوٹکس فورس  نے دانش آباد، پشاور کے ایک گنجان آباد علاقے میں کام کرنے والی کیمیائی منشیات بنانے والی فیکٹری سے منشیات و دیگر آلات قبضے میں لے کر فیکٹری سیل کر دی جبکہ دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ یہ فیکٹری ایک خطرناک کیمیائی منشیات کے ٹیبلٹس کی تیاری اور سمگلنگ میں ملوث ہے جو یونیورسٹیوں کے نوجوانوں اور طلباء کو نشانہ بناتی تھی۔

کارروائی کے دوران اے این ایف نے 2ملزمان کو گرفتار کیا، جنہیں سائٹ پر نشہ آور گولیاں تیار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا، اور 1425 نشہ آور گولیاں، 2.5 کلوگرام نشہ آور گولیاں بنانے والا پاؤڈر، 120 گرام میتھمفیٹامائن (آئس)، 35 گرام آئسوٹونیٹازین اور 13 گرام نیمٹازپم بھی برآمد کی گئی ۔احاطے کی مکمل تلاشی میں ایک ٹیبلٹ پنچنگ مشین سمیت مختلف آلات جیسے کہ پنچ، ڈرائر، مکسرز اور سکیلز ضبط کر لیے گئے۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ منشیات اسمگلر منشیات کی تیاری اور تقسیم کے لیے جدید ترین آلات کا استعمال تیزی سے کررہے ہ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے گزشتہ ایک ہفتہ میں کیمیائی منشیات و نشہ آور گولیاں بنانے والی فیکٹری کے خلاف کامیاب کارروائی کی ۔خفیہ اطلاع پر کامیاب کاروائی کرتے ہوئے پشاور کے گنجان آباد علاقے دانش آباد میں فیکٹری سے کیمیائی منشیات و نشہ آور گولیوں سمیت دیگر آلات قبضے میں لے کر فیکٹری سر بمہر کی گئی ۔

اس عرصہ میں 11 الگ ملک گیر کارروائیوں میں 52 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 45 کلوگرام منشیات برآمدکرکے 10 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔ترامڑی چوک ،اسلام آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کے قبضے سے 55 گرام چرس اور 30 گرام آئس برآمد کی گئی ۔ای الیون اسلام آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 10 گرام کوکین اور 1.8 کلوگرام آئس برآمد کی گئی ۔کینال روڈ پر واقع یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 1.5 کلو گرام چرس برآمدکر کے ایک ملزم گرفتارکیاگیا۔توغ بالا پنڈی روڑ کوہاٹ پر واقع کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 350 گرام چرس اور 220 گرام آئس برآمدکی گئی ۔ مالاکنڈ میں واقع یونیورسٹی کے قریب 4.8 کلو گرام چرس برآمدکرکے 2 ملزمان گرفتارکیے گئے ۔

گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ۔میانمر موڑ سپر ہائی وے سہراب گوٹھ کراچی کے قریب 18 کلو گرام چرس برآمدکرکے ایک ملزم گرفتارکیا گیا۔پشتخرہ چوک رنگ روڈ پشاور سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 660 گرام آئس برآمدکی گئی ۔مارلے چیک پوسٹ پاک پتن کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 850 گرام افیون، 1.8 کلوگرام چرس اور 50 گرام آئس برآمدکی گئی ۔میرپور آزاد کشمیر میں واقع کوریئر آفس میں یوکے بھیجے جانے والے پارسل سے 16 گرام ویڈ برآمدکی گئی ۔ ملتان میں واقع کوریئر آفس میں تھائی لینڈ سے بھیجے گئے پارسل سے 1.2 کلو گرام ویڈ برآمدکی گئی ۔ 11 کارروائیوں میں 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 16 کلوگرام منشیات برآمدکرکے خاتون سمیت 10 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔راولپنڈی میں لالہ زار روڈ پر 2 کارروائیوں کے دوران یونیورسٹی کے قریب 69 گرام چرس برآمدکرکے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔

موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب مسافر وین میں سوار خاتون سے 2.4 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 50 گرام آئس برآمدکی گئی ۔فیصل آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 600 گرام آئس برآمدکی گئی ۔فیصل آباد میں کالج کے قریب ملزم سے 300 گرام چرس اور 200 گرام آئس برآمدکی گئی ۔کوئٹہ میں شہباز چوک کے قریب ملزم کے قبضے سے 940 گرام چرس برآمدکی گئی ۔

کینال روڈ لاہور پر ملزم کے قبضے سے 1 کلو 40 گرام ہیروئن برآمدکی گئی ۔لاہور میں کوریئر آفس میں بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 450 گرام آئس برآمدکی گئی ۔لاہور میں والٹن روڈ پر ملزم سے 360 گرام ہیروئن برآمدکی گئی ۔جامشورو بس سٹاپ کے قریب ملزم سے 9 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔