اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے17 ملک گیر کاروائیوں کے دوران 1922.148کلو گرام منشیات برآمد کر لیں، جس کی بین الاقوامی مالیت 67.871 ملین امریکی ڈالر ہے جب کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 3 خواتین سمیت 19 ملزمان کو حراست میں لیکر7 گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں ۔ برآمد شدہ منشیات میں 1782.3 کلو گرام چرس،8.698 کلو گرام ہیروئن، 51.600 کلو گرام افیون ، 78 کلوگرام ایمفیٹامائن (آئس) اور 9330 عدد روچی گولیاں شامل ہیں۔ اے این ایف بلوچستان، پولیس اسٹیشن کوئٹہ نے کلی دولنگی تحصیل گلستان، ضلع قلع عبداﷲ میں کارروائی کے دوران ایک خشک نالے میں چھپائی گئی669 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ دوسری کارروائی میں پولیس اسٹیشن گوادر نے کارروائی کرتے ہوئے کولانچ کے غیر آباد پہاڑی علاقے میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی پیکنگ سمیت 78 کلو گرام ایمفیٹا مائن (آئس) برآمد کر لی۔ تیسری کارروائی میں پولیس اسٹیشن کوئٹہ نے ضلع پشین میں پشین روڈ پر واقع ےاروچوک کے قریب ایک لاوارث موٹرسائیکل کو تحویل میں لیکر اس سے 6 کلو گرام افیون اور 21 کلو گرام چرس برآمدکی۔ اے این ایف شمالی، پولیس اسٹیشن، اے این ایف راولپنڈی نے موٹر وے لنک روڈ، اسلام آباد کے قریب ناکے کے دوران ڈائیوو بس کو روک کر دوران تلاشی اسلام آباد کے رہائشی رفیق احمد نامی مسافر کے شولڈر بیگ سے 4.400 کلو گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا ۔ دوسری کاروائی میں پولیس اسٹیشن اے این ایف اسلام آباد نے الامان پلازہ، راولپنڈی میںواقع ایک بین الاقوامی کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے ایک پارسل کو قبضہ میں لے کر اس میں موجود پولی تھین بیگوں میں چھپائی گئی 2.340 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی جبکہ موقع پر موجود راولپنڈی کے رہائشی ارتضیٰ علی نامی ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم مذکورہ پارسل سید علی حمزہ نامی شخص کی جانب سے برطانیہ میں مقیم چوہدری سلیم نامی شخص کے لئے بُک کروا رہا تھا۔ تیسری کارروائی میں پولیس اسٹیشن دینہ نے ترکئی ٹول پلازہ، مین جی ٹی روڈ، سوہاوہ، جہلم پر ناکے کے دوران ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر تلاشی لیتے ہوئے گاڑی کے خفیہ خانوںمیں چھپائی گئی 2.340 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے آزاد کشمیر کے رہائشی دو ملزمان شہزاد اختر اور رانا محمد ارشد کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ چوتھی کارروائی میں پولیس اسٹیشن دینہ نے ترکئی ٹول پلازہ، مین جی ٹی روڈ، سوہاوہ، جہلم کے قریب ناکے کے دوران صوابی کی رہائشی مہر زرین نامی خاتون کے بیگ سے 2.200کلو گرام ہیروئن بر آمد کر کے اسے گرفتار کر لیا ۔ پانچویں کارروائی میں پولیس اسٹیشن دینہ نے موٹر وے لنک روڈ اسلام آباد کے قریب دوران ناکہ بندی ایک سوزوکی آلٹو کار کو روک کر دوران تلاشی کار سے 3.300 کلو گرام چرس برآمد کر لی جبکہ موقع پر موجود پشاور کے رہائشی تین ملزمان شکیل خان (ڈرائیور)، عابد خان اورمحمد جلال کو گرفتار کر لیا۔ چھٹی کارروائی میں پولیس اسٹیشن اے این ایف راولپنڈی نے موٹر وے لنک روڈ، اسلام آباد کے قریب ناکے کے دوران چارسدہ کے رہائشی محمد رحیم نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 2.200کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ساتویں کارروائی میں پولیس اسٹیشن، اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پرکارروائی کے دوران اسلام آباد سے دمام (سعودی عرب) جانے والے بنوں کے رہائشی عمر ایاز نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سفری بیگے1.550 کلو گرام وزنی 9330 عدد روچی گولیاں (روٹرل کولازیپام ) برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔اے این ایف پنجاب، پولیس اسٹیشن لاہور نے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر کاروائی کے دوران اتحاد ایئر لائن سے متحدہ عرب امارات جانے والے سرگودھا کے رہائشی محمد رمضان نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران ملزم کے ٹرالی بیگ سے 1.018 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی میں اے این ایف پولیس اسٹیشن ملتان نے شیر شاہ ٹول پلازہ، مظفر گڑھ کے قریب ایک ٹرک کی تلاشی کے دوران 38.400کلو گرام چرس برآمد کر کے تین ملزمان محمد اسلم ،عبدالرزاق اور عبدالرحمٰن کو موقع پر گرفتار کر لیا ۔ تیسری کارروائی میں پولیس اسٹیشن فیصل آباد کے عملے نے ساہیاں والا موٹر وے ٹول پلازہ، فیصل آباد کے قریب ایک ہنڈا سٹی کار کو روک کر تلاشی لیتے ہوئے گاڑی سے 3 کلو گرام چرس برآمد کر کے سرگودھا کے رہائشی محمد صدیق نامی ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ چوتھی کارروائی میں پولیس اسٹیشن لاہور نے آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک مشتبہ پارسل کی تلاشی لیتے ہوئے 2.140 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے پارسل بھیجنے والے محمد اسلم رہائشی بہاولپور اور پارسل وصول کرنے والے امن جیت بدوان رہائشی آسٹریلیا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پانچویں کارروائی میں پولیس اسٹیشن اے این ایف لاہور نے کوٹ عبدالمالک موٹر ے ٹول پلازہ، لاہورکے قریب ایک ہنڈا سٹی کار کو روک کر تلاشی کے دوران کار کے خفیہ خانوں سے 45.600کلو گرام افیون اور 30 کلو گرام چرس برآمد کر کے مالا کنڈ کے رہائشی ضیاالحق نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ اے این ایف خیبر پختونخواہ نے ثمینہ بی بی نامی ملزمہ کی تلاشی لیتے ہوئے ملزمہ کے جسم سے لپٹی ہوئی ایک کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا ۔ تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔