اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون،8 کارروائیوں میں9 ملزمان گرفتار،78 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 68 کلو گرام منشیات برآمد

123
ANF ​​action
ANF ​​action

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):انسداد منشیات فورس (اے این ایف)کی ٹیموں نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران8 کارروائیوں میں9 ملزمان کو گرفتار کر کے 78 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 68 کلو گرام منشیات برآمد کر لی ۔

اے این ایف کے ترجمان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں کے دوران سرگودھا میں یونیورسٹی کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم سے1 کلو 600 گرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ اے این ایف کی دیگر کارروائیوں میں سے ایک کارروائی میں پشاور میں رنگ روڈ پر کار کے خفیہ خانوں سے 10 کلو 800 گرام افیون اور 6 کلوگرام چرس برآمد کرکے2 ملزمان کوگرفتار کر لیا گیا جبکہ پشاور میں کوریئر آفس میں 4 عدد پارسلز سے مجموعی طور پر12 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔

قبضے میں لئے گئے پارسلز سیالکوٹ، لاہور اور گوجرانولہ بھیجے جا رہے تھے۔ ٹھوکر نیاز بیگ لاہور کے قریب گاڑی میں موجود4 ملزمان کے بیگوں اور ذاتی قبضے سے 9 کلو600 گرام چرس اور 2 کلو400 گرام افیون برآمد کر لی گئی۔ جوہر ٹان لاہور میں کوریئر آفس کے ذریعے بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے184 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ فیصل آباد میں گاڑی سے24 کلوگرام چرس برآمد کرکے1 ملزم کوگرفتار کر لیا گیا۔کراچی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 50 عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ ببرلو ٹول پلازہ سکھر کے قریب مسافر بس میں سوار ملزم سے 994 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔