راولپنڈی۔12دسمبر (اے پی پی):اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں جاری کریک ڈاؤن میں 5 کارروائیوں کے دوران 3 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں11 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 101.647 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔کیماڑی کراچی میں ہسپتال کے قریب ملزم کے قبضے سے 500 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ دیگر کارروائیوں میں کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے کپڑوں میں جذب شدہ 9.080 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں نیدرلینڈز سےآنے والے پارسل سے 45 نشہ آور گولیاں 25 ایل ایس ڈی سٹیکرز اور 23 گرام مشکوک مواد برآمد کیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں غیر آباد مقام سے 64 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ چناب ٹول پلازہ جی ٹی روڈ گجرات کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا ۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔