اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تازہ ترین کارروائیوں میں 64 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 82.05 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 5 ملزمان گرفتار کر لیے ۔
پیر کو اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری رپورٹ کے مطابق اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔اس ضمن میں پیر کو ملک گیر 9 کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتارکیے گئے جبکہ ان کارروائیوں میں64 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 82.05 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 500 گرام چرس برآمدکی گئی ۔اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 1 کلو 20 گرام چرس برآمدکی گئی ۔
اسلام آباد میں کوریئر آفس میں 4 کارروائیوں میں کراچی بھیجے جانے والے 4 پارسلز سے 32 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔لاہور میں کوریئر آفس میں پارسل سے 300 نشہ آور گولیاں برآمدکرکے ایک ملزم گرفتارکیا گیا ۔جامشورو ٹول پلازہ کے قریب سے 36 کلو گرام چرس برآمدکرکے ایک ملزم گرفتارکیا گیا۔اسلام آباد میں ترنول پھاٹک کے قریب ملزم سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔ ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔