راولپنڈی۔23ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف 11 کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتارکر کے 52 لاکھ روپے مالیت کی 45 کلوگرام منشیات برآمدکرلی ہے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی سے جاری تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کی گئی انسداد منشیات کارروائیوں میں ترامڑی چوک اسلام آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کے قبضے سے 55 گرام چرس اور 30 گرام آئس برآمدکی گئی۔ای الیون اسلام آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 10 گرام کوکین اور 1.8 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔کینال روڈ پر واقع یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 1.5 کلو گرام چرس برآمدکرکے ایک ملزم کو گرفتارکیاگیا۔توغ بالا پنڈی روڈ کوہاٹ پر واقع کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 350 گرام چرس اور 220 گرام آئس برآمد کی گئی ۔
مالاکنڈ میں واقع یونیورسٹی کے قریب 4.8 کلو گرام چرس برآمدکرکے 2 ملزمان گرفتار کئے گئے ۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباءکو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ۔میانمر موڑ سوپر ہائی وے سہراب گوٹھ کراچی کے قریب 18 کلو گرام چرس برآمدکرکے ایک ملزم گرفتارکیاگیا۔پشتخرہ چوک رنگ روڈ پشاور سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 660 گرام آئس برآمد کی گئی۔مارلے چیک پوسٹ پاک پتن کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 850 گرام افیون، 1.8 کلوگرام چرس اور 50 گرام آئس برآمد کی گئی۔میرپور آزاد کشمیر میں واقع کوریئر آفس میں یوکے بھیجے جانے والے پارسل سے 16 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ ملتان میں واقع کوریئر آفس میں تھائی لینڈ سے بھیجے گئے پارسل سے 1.2 کلو گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔