اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) منشیات سمگلنگ کے خلاف 6 کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر کے 8 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لی۔ منگل کو اے این ایف کے ترجما ن کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران پشاور ایئرپورٹ پر جدہ اور شارجہ جانے والے دو مسافروں سے 84 آئس اور 99 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کر لئے گئے ۔
لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 3.2 کلو آئس ،کراچی ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 547 گرام آئس برآمد کی گئی ۔ مظفر گڑھ میں ملزم سے 3.6 کلو چرس،26 نمبر چونگی اسلام آباد کے قریب دو ملزمان سے 1.4 کلو آئس برآمد کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔