اے این ایف کی کارروائیوں میں 46کلو گرام منشیات برآمد ،4ملزمان گرفتار

138
ANF ​​operation against drug
ANF

راولپنڈی ۔26اکتوبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 6 مختلف کارروائیوں میں 46 کلو گرام منشیات برآمدکرکے 4 ملزمان گرفتارکرلئے۔اے این ایف ترجمان کے مطابق مویشی منڈی راولپنڈی کے قریب گاڑی سے 20 کلو 400 گرام چرس اور 3 کلو 600 گرام افیون برآمدکی گئی ،دوران کارروائی مردان کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا۔

راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں امریکا سے بھیجے گئے پارسل سے 44 گرام ویڈ برآمدکی گئی۔شیرشاہ ٹول پلازہ ملتان میں کراچی کی رہائشی2خواتین سے 2 کلو گرام ہیروئن اور 2 کلوگرام آئس برآمدکی گئی۔حیات آباد پشاور کے قریب گاڑی کی ڈگی میں چھپائی گئی 4 کلو 800 گرام چرس برآمدکی گئی۔

خیبر لنڈی کوتل میں گاڑی سے 3 کلو 990 گرام ہیروئن برآمدکی گئی جسے خیبر کا رہائشی ملزم گاڑی کی ڈگی میں چھپا کر سمگل کر رہا تھا۔ زخہ خیل کے غیر آباد علاقے میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 9 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔