راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات سمگلر گروہ کے خلاف گوادر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1788 کلو گرام منشیات برآمد کر لی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات سمگلر گروہ کے ایک اہم رکن نے منشیات کی بھاری مقدار مختلف جگہوں پر چھپا رکھی تھی، اے این ایف کے عملے نے انتھک محنت اور لگن سے مختلف جگہوں سے منشیات برآمد کی، برآمدہ منشیات میں 1740 کلو گرام چرس، 28 کلو گرام آئس اور 20 کلو گرام مارفین شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ برآمدہ منشیات افغانستان کی تیار کردہ ہیں ،
جس پر افغانستان کی مواہیر ثبت ہیں، کُچھ منشیات کو لکڑیوں اور پتوں سے بنائے گئی جھونپڑی کے نیچے سے برآمد کیا گیاجبکہ باقی ماندہ منشیات کو پہاڑیوں میں کھودی گئی سُرنگوں سے برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدگی کے بعد منشیات ذخیرہ کرنے والی جگہوں کو جلا دیا گیا، برآمدہ منشیات کو بیرون ملک سمگل کرنے کے لئے ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔