اے این پی نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں جن کا اعتراف ہے، میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ،وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اے این پی نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں جن کا اعتراف ہے، میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، مسلم لیگ (ق)کے ساتھ غلط فہمیاں دور کرلی جائیں گی، نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا، انہیں واپس لائیں گے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے این پی سے متعلق میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا،اس میں کوئی شک نہیں کہ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں دہشت گردی کے خلاف بیش بہا قربانیاں دیں،بشیر بلور اور میاں افتخار حسین کے فرزند سمیت کئی کارکنان شہید ہوئے، اے این پی کی ان شہادتوں کا ہر سطح پر اعتراف کیا جاتا ہے،اگر میرے بیان کو اس کے حقیقی معنوں میں سمجھا جاتا تو کبھی ایسا ردعمل نہ آتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کے ناسور کے خلاف صف آرا رہا ہے اور آج بھی اس سے نمٹنے کیلئے متحد ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کے لنچ میں مسلم لیگ(ق)نہیں آئی، اتحادیوں کے اعتراضات جمہوریت کا حسن ہے، طارق بشیرچیمہ کے بیانات کوسنا ہے،جو سمجھنے کی غلطی ہے اس کوآئندہ چند دنوں تک حل کرلیا جائے گا، مسلم لیگ(ق)ہماری اتحادی ہے اور ساتھ رہے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں جلسے،جلوسوں پرکوئی مسئلہ نہیں، سیاسی لیڈرصرف کورونا وبا کا خیال رکھیں۔سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ ہمارا ٹریٹی نہیں ہے، نوازشریف علاج کے لئے برطانیہ گئے تھے ، حکومت نے برطانوی حکومت کوخط لکھا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ اگرنوازشریف کی واپسی کے لئے خود بھی جانا پڑا توجاؤں گا۔