اے اے سی II کا ندی دوڑ حویلیاں کا دورہ، ندی میں قائم عارضی جھگیاں اور تجاوزات شفٹ کروا دی گئیں

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر II محمد اسامہ نے پولیس، ریسکیو 1122 اور ریونیو سٹاف کے ہمراہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ندی دوڑ حویلیاں کا دورہ کیا۔

ایبٹ آباد۔ 2 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر II محمد اسامہ نے پولیس، ریسکیو 1122 اور ریونیو سٹاف کے ہمراہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ندی دوڑ حویلیاں کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران ندی کے اندر قائم عارضی جھگیاں اور تجاوزات کو موقع پر ہی شفٹ کروا دیا گیا تاکہ ممکنہ سیلابی ریلے کے باعث کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ ترجمان ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے مطابق اس موقع پر ندی کے اطراف موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی اور آئندہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر، عارضی رہائش یا تجاوز قائم نہ کرنے کی تنبیہ کی گئی۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی کہ ندی کے اطراف مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے، پانی کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے تمام ضروری انتظامات ہر وقت تیار رکھے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ مون سون سیزن کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات اور فیلڈ مانیٹرنگ بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے۔