اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں منظور ہونے والی قرار داد اقوام متحدہ ،او آئی سی سمیت پاکستان کی نمائندگی والے فورم اور سفارتخانوں کو بھجوائی جائے گی ، اے پی سی کی توجہ اسی بات پر مرکوز تھی کہ کیسے اسرائیل کی بربریت ختم ، فوری جنگ بندی ہوسکے ، اے پی سی میں بنائے جانے والا ورکنگ گروپ دنیا کے تمام ممالک میں جا کر فلسطین کے حوالےسے پاکستان کے دوٹوک اور واضح موقف کو اجاگر کریگا ۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ،وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ، پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ، سینیٹر شری رحمان نے ایوان صدر میں آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج تاریخ ساز دن تھا جس میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار کے لئے حکومت کی سطح پر ایک کامیاب آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ 7 اکتوبر کے دن کا انتخاب اس لئے کیا گیا تھا کہ ایک سال قبل آج کے دن اس بربریت کا آغاز ہوا ۔
کانفرنس کی تمام کارروائی براہ راست گئی ہے، پاکستان کے عوام اور دوست مسلمان ممالک نے یہ کارروائی دیکھی ، آج کے دن کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا ۔تمام تر توجہ اس پر مرکوز تھی کہ کس طرح جنگ بندی ہوسکتی ہے ،بربریت کا خاتمہ ہوسکتا ہے ، نسل کشی پر کارروائی ہونی چاہئے ،مظلوم بچوں اور افراد کا قتل عالم جنگی جرائم میں شامل ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان ایک ورکنگ گروپ تشکیل دے گا جو مختلف لابی گروپ تک رسائی حاصل کریگا ، یہ گروپ اسلامی اور دیگر ممالک میں جا کر پاکستان کا موقف پیش کریگا ۔ اے پی سی میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے اندر اور پاکستان میں سیاست کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو اس اے پی سی کے لئے مدعو کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کی طرف سے فلسطینی بہن بھائیوں کے لئے ایک مضبوط اور یکجہتی کا پیغام گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فلسطین کو کسی موقع پر اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام میڈیا کے مشکور ہیں جنہوں نے تمام کارروائی کو براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں منظور ہونے والی قرار داد ہر عالمی فورم جہاں پاکستان کی نمائندگی ہے اور سفارتخانوں میں بھجوائی جائے گی جسکا مقصد دنیا کو پاکستان کے فلسطین کے حوالے سے ٹھوس موقف سے آگاہ کرنا ہے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ، سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر شری رحمان نے کہاکہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مل کر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جس کا مقصد یہ تھا کہ ایک مضبوط اور موثر پیغام جائے کہ پاکستان ، فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ،یہ روایتی اے پی سی نہیں بلکہ ملک کی تمام سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا تھا ۔
اس کانفرنس کا ایک متفقہ اعلامیہ بھی جار ی کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے نمائندے بھجوائے تھے ، تمام سیاسی جاعتوں کو دعوت نامے بھجوائے گئے تھے ماسوائے پی ٹی آئی کے تمام جماعتوں نے اس کانفرنس میں بھر پور شرکت کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے قومی وحدت کا پیغام تھا ، ہر نظریئے اور مسلک سے بالا ہو کر یہ کانفرنس منعقد ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی جانا تھا انہوں نے وہ مصروفیات ترک کے ہماری کانفرنس میں شرکت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ او آئی سی ، اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں پاکستان کی ہر سیٹ پر یہ قرارداد جائے گی ۔