ا ماراتی خاتون نے کاروباری حریف بننے پر سابق کارکن کے خلاف مقدمہ کر دیا

118
Dubai
Dubai

دبئی۔26اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی ریاست الفجیرہ کی وفاقی عدالت میں لانڈری کی مالک خاتون نے اپنے سابق کارکن کے خلاف مقدمہ دائر کر کے مطالبہ کیا کہ اس کی نئی لانڈری کو بند کیا جائے۔الامارات الیوم کے مطابق ریاست الفجیرہ کی وفاقی عدالت میں لانڈری کی مالک مدعی خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق کارکن کو لانڈری بند کرنے کے علاوہ غیر منصفانہ مسابقت کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے کا پابند بنائے۔

خاتون نے مختلف دستاویز اور مصالحتی کمیٹی کی جانب سے ایک سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں جمع کرایا۔ عدالت نے فریقین کے بیانات اور شواہد کے علاوہ فجیرہ پراسیکیوشن میں اکاؤنٹنگ ماہر کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا۔کیس کے حقائق کے حوالے سے عدالت نے اس بات کی تصدیق کی کہ غیرمنصفانہ مسابقت کے لیے اس سے وابستہ غلطیوں کی موجودگی ضروری ہے۔

صرف مسابقت کا وجود ذمہ داری قائم کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔عدالت نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ کارکن نے غیر قانونی طریقوں کا استعمال کیا یا سابق مالک کے کسٹمرز کو متاثر کیا۔ عدالت نے مقدمہ خارج کرنے، مدعی کوعدالتی فیس اور وکیل کا محنتانہ ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔