بائرن میونخ کے کوچ ونسنٹ کومپنی ٹریننگ کے دوران بے ہوش، ہسپتال منتقل

جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کے ہیڈ کوچ ونسنٹ کومپنی ٹریننگ سیشن کے دوران اچانک بے ہوش ہو گئے، جس کے بعد انہیں ہنگامی طبی ٹیم نے ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 40 سالہ ونسنٹ کومپنی کو ہسپتال میں طبی معائنے اور علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جہاں وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں گے۔ونسنٹ کومپنی گزشتہ ہفتے بھی وائرس …

میونخ۔24اکتوبر (اے پی پی):جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کے ہیڈ کوچ ونسنٹ کومپنی ٹریننگ سیشن کے دوران اچانک بے ہوش ہو گئے، جس کے بعد انہیں ہنگامی طبی ٹیم نے ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 40 سالہ ونسنٹ کومپنی کو ہسپتال میں طبی معائنے اور علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جہاں وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں گے۔ونسنٹ کومپنی گزشتہ ہفتے بھی وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث ٹریننگ اور پریس کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

انہوں نے آرسنل کے خلاف چیمپئنز لیگ کے میچ کے بعد بتایا تھا کہ بیماری کے باوجود آرام نہ کرنے کے باعث ان کی طبیعت مزید خراب ہو گئی تھی۔بائرن میونخ کے سپورٹنگ ڈائریکٹر میکس ایبرل نے کہا کہ کوچ کی صحت کلب کی اولین ترجیح ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ونسنٹ کومپنی کی عدم موجودگی میں ان کی کوچنگ ٹیم ذمہ داریاں سنبھالے گی۔بائرن میونخ کو آئندہ ہفتے فرائی برگ کے خلاف بنڈس لیگا کا اہم میچ کھیلنا ہے جبکہ چیمپئنز لیگ میں اس کا اگلا میچ 3 نومبر کو میڈرڈ میں ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف شیڈول ہے۔

سابق بیلجیئن فٹ بالر ونسنٹ کومپنی نے بطور کھلاڑی مانچسٹر سٹی کے لیے 360 میچز کھیلے اور ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ انہوں نے 2024 میں بائرن میونخ کی کوچنگ سنبھالی اور اپنی ابتدائی 2 سیزنز میں کلب کو بنڈس لیگا کا ٹائٹل جتوانے میں کامیابی حاصل کی۔ونسنٹ کومپنی کی طبیعت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے جبکہ کلب نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔