بابائے قوم قائداعظم کے وژن کی روشنی71 واں یوم آزادی (کل) قومی و ملی جوش و جذبے کےساتھ منایا جائےگا

بابائے قوم قائداعظم کے وژن کی روشنی71 واں یوم آزادی (کل) قومی و ملی جوش و جذبے کےساتھ منایا جائےگا دن کا آغازملک بھر کی مساجد میںخصوصی دعاﺅں اور وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں ،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے اور 9 بجے وفاقی دارالحکومت میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہو گی …

بابائے قوم قائداعظم کے وژن کی روشنی71 واں یوم آزادی (کل) قومی و ملی جوش و جذبے کےساتھ منایا جائےگا
دن کا آغازملک بھر کی مساجد میںخصوصی دعاﺅں اور وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں ،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے اور 9 بجے وفاقی دارالحکومت میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہو گی

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید اور جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 71 واں یوم آزادی (کل) منگل کو قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس مرتبہ یوم آزادی خصوصی اہمیت کی حامل ہے جب پیر کو ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کے نو منتخب ارکان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور نئی وفاقی اور صوبائی حکومتیں تشکیل کے حتمی مراحل میں ہیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی، دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے ہو گا۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے اور 9 بجے وفاقی دارالحکومت میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہو گی جبکہ پرچم کشائی کی تقاریب صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی منعقد ہوں گی۔ اس موقع پر تمام سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اس کے علاوہ بلند و بالا و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔