ننکانہ صاحب۔ 12 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے کہا ہے کہ بابا گورونانک کے جنم دن کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے’’ اے پی پی ‘‘سے خصوصی طور پر گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں اندرون و بیرون ممالک سے 60 ہزار سے زائد سکھ یاتری ننکانہ صاحب تشریف لائیں گے۔
فول پروف سیکیورٹی کے لیے 3188 پولیس کے افسران و جوان حفاظت پر مامور کیے گئے ہیں ، ضلعی انتظامیہ اور اوقاف کے 2000 سے زائد افسران و ملازمین گوردوارہ جات میں سکھ یاتریوں کی خدمت کے لیے تعینات ہونگے۔ جبکہ 200 سے زائد سکھ کمیونٹی کے رضاکاران بھی تعینات کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی ، فول پروف سیکیورٹی ، طبی سہولیات ، قیام و طعام سمیت دیگر بہترین انتظامات کرنے پر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تقریبات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے رہائش ، کھانے سمیت سیکورٹی انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مرکزی کنٹرول روم سے تمام گوردوارہ جات سمیت شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی موثر مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کے علاج معالجے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 40 بیڈز پر مشتمل خصوصی وارڈ بھی قائم کر دی گئی ہے جبکہ گوردوارہ جنم استھان میں منی ہسپتال کو بھی فنگشنل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 سمیت تمام ضلعی اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ ضلع کے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ ہیں۔