اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے کہا ہے کہ بابر اعظم ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں‘ بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بلے باز بننے کے لیے ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کرنے کی ضرورت ہے،جب بابراعظم اچھی بیٹنگ کر رہے ہوں تو انہیں دیکھنے کا مزہ آتا ہے ۔ایک انٹرویو کے دوران ناصر حسین نے کہا کہ بابراعظم کے پاس وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو ایک عظیم کھلاڑی میں ہوتی ہیں، وہ ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بھی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بھی ان کی کارکردگی ٹھیک رہی کیوں کہ انگلینڈ میں کسی بھی بلے باز کے لئے سکور کرنا آسان نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ میں ویرات کوہلی کی طرح مستقل مزاجی دکھانے کی ضرورت ہے۔ ناصر حسین نے مزید کہا کہ بابراعظم گزشتہ 6 سے 9 مہینوں کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی فارم میں ہیں۔ انہیں طویل عرصے تک وکٹ پر ٹھہرنے کے لئے مستقل مزاجی کی ضرورت ہے۔ بابراعظم آئی سی سی کی درجہ بندی میں ٹی ٹونٹی ، ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ناصر حسین نے کہا کہ بابر اعظم کو آف سٹمپ کے باہر گیندیں کھیلنے میں مشکلات پیش آتی ہیں جس طرح بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو انگلینڈ کے پہلے دورے میں پیش آئی تھیں۔ ناصر حسین نے کہا کہ بابراعظم بہترین کھلاڑی ہے‘ بیٹنگ میں صرف یہ نہیں دیکھا جاتا کہ آپ نے کتنے رنز بنائے ہیں بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ یہ رنز آپ نے کس طریقے سے بنائے ہیں ۔ بابراعظم آف سٹمپ کے باہر گرنے والی گیندوںکو کھیلنے کے لئے اپنی تکنیک بہتر بنائیں۔