بابر اعظم نے آئی سی سی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ائیر 2021 ء کا اعزاز حاصل کرلیا

78

کراچی۔24جنوری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ائیر 2021 ء کے اعزاز سے نوازا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے پیر کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کھیل کے تمام فارمیٹس میں سال2021 ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے چھ میچوں میں 67.50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 405 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں شامل تھیں۔ بابر اعظم 228 رنز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے اور وہ دونوں میچوں میں پلیئر آف دی میچ بھی رہے جو پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف جیتے تھے۔

اس اعزاز پر تبصرہ کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہاکہ پی سی بی کی جانب سے 2021 ء کے ون ڈے کرکٹر کے طور پر منتخب کیے جانے کے چند دنوں بعد مجھے آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے طور پر ووٹ دئیے جانے پر خوشی محسوس ہوتی ہے۔

یہ پاکستان کرکٹ کے لیے تمام فارمیٹس میں ایک بہترین سال رہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں کھلاڑیوں کے ایک شاندار گروپ کا حصہ ہوں جنہوں نے میدان کے اندر اور باہر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں انہیں عزت اور احترام حاصل ہوا۔ سال2021کے بہترین حصوں میں سے ایک یہ تھا کہ ٹیم پاکستان کرکٹ شائقین کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط کرنے میں کامیاب رہی اور مجھے یقین ہے کہ جب ہم 2022 میں جائیں گے تو یہ رشتہ مزید مضبوط ہو جائے گا جو اس سال کے مقابلے میں زیادہ چیلنجنگ اور ڈیمانڈنگ ہوگا۔