بابر اعظم نے ثابت کیا کہ پریشر میچ میں پرسکون انداز میں کیسے کھیلا جاتا ہے، رمیز راجہ

104
رمیز راجہ

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ بابراعظم دنیا کے بہترین بلے باز ہیں۔ انہوں نے ثابت کیا کہ پریشر میچ میں پرسکون انداز میں کیسے کھیلا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 2020ءکی کامیابی کا سہرا ان تمام منتظمین اور کھلاڑیوں کو جاتا ہے جنہوں نے جارحانہ اور مقابلے کی کرکٹ کے ذریعے عوام کو تفریح فراہم کی۔ پی ایس ایل فائنل کے بارے میں بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ لاہور قلندرز نے وکٹ کے مطابق اچھی بیٹنگ نہیں کی‘ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا صحیح فیصلہ تھا۔ پچاس رنز کا آغاز ملنے کے باوجود لاہور کی ٹیم 20 اوورز پورے نہ کر سکی‘ اونچے شارٹس کی کوشش میں بہت جلدی کرگئے۔کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی وکٹیں گرا کر پریشر بڑھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں رنز کا تعاقب مشکل ہو جاتا ہے۔150 رنز ہو جاتے تو مقابلہ سخت ہو سکتا تھا۔ قلندرز نے تیز بولنگ کرنے کی کوشش کی ۔ بابراعظم دنیا کے بہترین بلے باز ہیں، انہوں نے ثابت کیا کہ پریشر میچ میں پرسکون انداز میں کیسے کھیلا جاتا ہے، انہوں نے بہت زبردست اننگز کھیلی، اگر وہ جلدی آئوٹ ہو جاتے تو کراچی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔