بابوسر ٹاپ پر بڑھتی سردی اور پھسلن کے باعث بابوسر روڈ رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک ٹریفک کے لیے بند
بابوسر ٹاپ پر بڑھتی سردی اور پھسلن کے باعث بابوسر روڈ رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک ٹریفک کے لیے بند

مزید خبریں
استور۔ 02 ستمبر (اے پی پی):ضلع دیامر کے بالائی علاقوں، بالخصوص بابوسر ٹاپ، میں موسم کی شدت، درجہ حرارت میں کمی، بارش اور سڑک پر کنکریاں و پتھر جمع ہونے کے باعث پھسلن میں اضافہ اور حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ اور محفوظ سفری ماحول کو یقینی بنانے کے لیے بابوسر روڈ کو رات کے اوقات میں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق بابوسر روڈ رات 11:00 بجے سے صبح 5:00 بجے تک ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ اس دوران زیرو پوائنٹ چلاس سے بابوسر ٹاپ اور بابوسر ٹاپ سے چلاس کی جانب کسی بھی قسم کی ٹریفک کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ نے تمام مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کے دوران بابوسر روڈ پر سفر سے مکمل طور پر گریز کریں اور اپنے سفر کی منصوبہ بندی دن کے اوقات میں کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بابوسر ٹاپ سمیت بالائی علاقوں میں موسم کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے، جبکہ رات کے وقت کم درجہ حرارت، بارش، پھسلن اور سڑک پر موجود کنکریوں کے باعث ڈرائیونگ کے دوران حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ رات کے اوقات میں سڑک بند رکھنے کا فیصلہ اسی صورتحال کے پیش نظر مسافروں اور سیاحوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
انتظامیہ اور پولیس کے اہلکار بابوسر روڈ پر مسافروں کی رہنمائی، ٹریفک کی روانی، سکیورٹی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات تعینات ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سڑک کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری اقدامات کریں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، مقررہ اوقات کی پابندی کریں اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بابوسر روڈ پر رات کے اوقات میں ٹریفک کی پابندی کا بنیادی مقصد مسافروں اور سیاحوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنا اور محفوظ سفری ماحول کو یقینی بنانا ہے۔








