راولپنڈی۔21اکتوبر (اے پی پی):باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران آئی ای ڈی کے دھماکے کے نتیجے میں ایف سی اور پولیس کے چار اہلکار شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پولیس کے ساتھ مل کر رات گئے ضلع باجوڑ کے علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران آئی ای ڈی کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکاروں بشمول 28 سالہ لانس نائیک مدثر (رہائشی کوہاٹ) اور 26 سالہ سپاہی جمشید ( رہائشی کراچی) نے جام شہادت نوش کیا۔ دھماکے میں 2 پولیس اہلکار سپاہی عبدالصمد اور سپاہی نور رحمان بھی شہید ہوئے۔ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے ایریا کلیئرنس جا ری ہے۔