بارسلونا اور ویلریال کی ٹیموں کے درمیان ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا کا میچ میامی میں کرانے کا منصوبہ منسوخ

بارسلونا۔22اکتوبر (اے پی پی):ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا نے دسمبر میں دفاعی چیمپئن بارسلونا اور ویلریال کے درمیان ہونے والا میچ امریکا کے شہر میامی میں کرانے کا منصوبہ منسوخ کر دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق بارسلونا اور ویلریال کی ٹیموں کے درمیان ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا کا میچ 20 دسمبر کو ہارڈ راک سٹیڈیم، میامی میں ہونا تھا، جو یورپی لیگ کا پہلا آفیشل میچ بیرون …

بارسلونا۔22اکتوبر (اے پی پی):ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا نے دسمبر میں دفاعی چیمپئن بارسلونا اور ویلریال کے درمیان ہونے والا میچ امریکا کے شہر میامی میں کرانے کا منصوبہ منسوخ کر دیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق بارسلونا اور ویلریال کی ٹیموں کے درمیان ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا کا میچ 20 دسمبر کو ہارڈ راک سٹیڈیم، میامی میں ہونا تھا، جو یورپی لیگ کا پہلا آفیشل میچ بیرون ملک کھیلا جاتا، لیکن حالیہ ہفتوں میں سپین میں پیدا ہونے والی عدم یقینی کی صورتحال کے باعث یہ منصوبہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ تاریخی موقع ضائع ہونے پر ہمیں افسوس ہے، جو ہسپانوی فٹبال کو عالمی سطح پر لے جانے کے لیے اہم تھا۔اب یہ میچ ویلریال کے سٹیڈیو دے لا سیرامیکا میں معمول کے مطابق کھیلا جائے گا۔

دفاعی چیمپئن بارسلونا کلب نے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکا میں شائقین کے لیے افسوسناک ہے جو یہ میچ براہ راست دیکھنے کے منتظر تھے۔دوسری جانب ویلریال کے کوچ مارسے لِینو نے میچ کے دوران منسوخی کا اعلان کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کلب اور شائقین کے ساتھ مذاق ہے۔اس منصوبے کی مخالفت ہسپانوی فٹبالرز ایسوسی ایشن (اے ایف ای )، ریال میڈرڈ اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی کی۔

کھلاڑیوں نے گزشتہ ہفتے تمام میچز کے آغاز پر 15 سیکنڈ خاموش کھڑے ہو کر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔لیگ لا لیگا کئی سالوں سے میچ بیرون ملک کرانے کی کوشش کر رہی ہے، اور یہ منصوبہ یوئیفا کی مشروط اجازت کے بعد اپنی تکمیل کے قریب تھا، مگر اب ایک بار پھر ملتوی ہو گیا ہے۔

مزید خبریں