ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی زیرِ صدارت یومِ آزادی کی تقریبات بارے اعلیٰ سطحی اجلاس

"ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی زیرِ صدارت یومِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔”

لاڑکانہ۔ 05 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو کی زیرِ صدارت 14 اگست یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس لاڑکانہ کے دربار ہال میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کے مختلف سرکاری محکموں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ 14 اگست یومِ آزادی کے موقع پر ضلع لاڑکانہ میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ میونسپل اسٹیڈیم میں بہترین انتظامات کیے جائیں، دھوپ سے بچاؤ کے لیے پنڈال لگایا جائے اور عوام کو پینے کے لیے ٹھنڈے پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں، چوراہوں، پارکوں اور تقریبات کے مقامات پر صفائی ستھرائی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں اور سرکاری عمارتوں کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہر عید کا سماں پیش کرے۔ انہوں نے میونسپل آفیسر، لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے عملے کی ڈیوٹیاں مقرر کریں، ایک جامع ہنگامی پلان تیار کرکے ضلعی انتظامیہ کو ارسال کریں۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لاڑکانہ کو ہدایت دی کہ ایمرجنسی کی صورت میں عملے اور ڈاکٹروں کی ڈیوٹیاں مقرر کی جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے، اور اس حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی جائے۔انہوں نے رینجرز اور پولیس کے افسران کو ہدایت دی کہ 14 اگست کے موقع پر عوام بالخصوص فیملیز کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، پولیس کی مناسب نفری تعینات کی جائے اور نوجوانوں کو موٹرسائیکل کی ون ویلنگ سے روکا جائے۔ مزید برآں، ٹاؤن کمیٹیوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ لائٹنگ اور قومی پرچموں کی تنصیب بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ضلعی اسپورٹس آفیسر کو ہدایت دی کہ یومِ آزادی کی مناسبت سے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے، جبکہ فارسٹ آفیسر کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم چلائی جائے اور عوام کو رعایتی نرخوں پر پودے فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے گھروں میں انہیں لگا سکیں۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری اداروں کے افسران کو ہدایت دی کہ اپنے دفاتر پر قومی پرچم لہرائیں اور رات کے وقت مناسب روشنی کا بھی انتظام کیا جائے۔اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔