ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کا یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پیغام

"ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی نے کہا ہے کہ 5 اگست کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے وہاں کے عوام کے بنیادی حقوق سلب کیے گئے۔”

کوئٹہ۔ 05 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کرکے وہاں کے عوام کے بنیادی حقوق سلب کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی پابندیوں اور شہری آزادیوں پر قدغنوں میں مزید اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر آزادی اور انصاف کی جدوجہد کو زندہ رکھا ہے، جنہیں پوری پاکستانی قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل ہی خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع قلعہ عبداللہ کی انتظامیہ کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ کشمیری عوام کو آزادی، امن، انصاف اور خوشحالی سے نوازے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی جائز جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔