ریکوری اور لائن لاسز میں کمی میپکو کی اولین ترجیح ہے، چیف انجینئر

"چیف انجینئر آپریشن اینڈ مینٹیننس میپکو محمد شہزاد راعی نے کہا ہے کہ مالی سال 2026-27ء میں ریکوری، لائن لاسز میں کمی اور بجٹ اہداف کا حصول میپکو کی اولین ترجیحات ہیں، جبکہ بہاولنگر سرکل کے افسران کو ریکوری مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔”

ملتان۔ 05 اگست (اے پی پی):چیف انجینئر آپریشن اینڈ مینٹیننس میپکو محمد شہزاد راعی نے کہا ہے کہ مالی سال 2026-27ء میں ریکوری، لائن لاسز میں کمی اور بجٹ اہداف کا حصول میپکو کی اولین ترجیحات ہیں۔انہوں نے ہارون آباد کے دورے کے دوران میپکو سرکل بہاولنگر کے افسران کو ہدایت کی کہ ریکوری مہم مزید تیز کی جائے،

مستقل نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے اور صارفین کے جائز مسائل فوری حل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ری کنکشن آرڈرز کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے جبکہ ہائی ٹینشن اور لو ٹینشن نیٹ ورک کی بہتری، اوور لوڈڈ فیڈرز کی اصلاح، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام فیلڈ افسران مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں۔اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو بہاولنگر سرکل خالد حسین سیال نے ریکوری، لائن لاسز میں کمی، لوڈ شفٹنگ، نیٹ ورک اپ گریڈیشن اور سسٹم کی بہتری سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔