باغبان ایسے علاقوں میں نئے باغات لگائیں جہاں پانی وافر مقدار میں میسر ہو،ماہرین اثمار

138
Gardens
Gardens

فیصل آباد۔ 30 مئی (اے پی پی):سٹرس فروٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین اثمارنے بتایاکہ ترشاوہ پھلوں کی خاطرخواہ نشو ونما میں پانی انتہائی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ پودوں میں خوراک جڑوں سے پتوں اور دیگر حصوں تک پانی کے ذریعے ہی رسائی پاتی ہے جبکہ پانی پودوں میں ضیائی تالیف کالازمی جزو ہونے کے علاوہ عمل تبخیر سے پودوں کوبرے اثرات سے محفوظ رکھتاہے اسلئے نئے باغات ایسے علاقوں میں لگائے جائیں جہاں پانی وافر مقدار میں میسر ہو تاہم ترشاوہ باغات کی کاشت کیلئے پانی کی مقدار اور وقفہ موسمی حالات، کاشتی امور، زمین کی خاصیت، پھل کی قسم اور عمر کے علاوہ پتوں کی سطح جیسے عوامل پر بھی منحصر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ترشاوہ پھلوں کے باغات کارقبہ 5لاکھ ایکڑ سے زائد اور اوسط پیداوار 4.5 ٹن فی ایکڑ تک ہے لیکن اس میں بھرپور اضافہ کی گنجائش موجود ہے لہٰذا باغبان ترشاوہ باغات کی پیداوار میں اضافہ کیلئے مؤثر نظام آبپاشی سے استفادہ کریں۔ انہوں نے بتایاکہ موسم گرما کے دوران ماہ جون سے اگست تک پھلدار پودوں کو 10 سے15دن کے وقفہ سے پانی دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔