محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہواؤں اور مغربی ہوا کے نئے سلسلے کے باعث ہفتہ وار تعطیلات کےدوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہواؤں اور مغربی ہوا کے نئے سلسلے کے باعث ہفتہ وار تعطیلات کےدوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 10 جولائی کی رات سے 13 جولائی تک آزاد کشمیر میں وقفہ وقفہ سے بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 11 اور 12 جولائی کو بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی 11 اور 12 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں 11 جولائی کی شام سے 13 جولائی تک مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک متوقع ہےجبکہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں 11 اور 12 جولائی کو چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔سندھ میں موسم زیادہ تر گرم اور شدید حبس والا رہے گا تاہم 12 اور 13 جولائی کو تھرپارکر، سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 11 اور 12جولائی کو بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ ان علاقوں کے مقامی ندی نالوں اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں مقامی نوعیت کی شہری سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نےسیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے،کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے اور مویشیوں کی حفاظت کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں جاری گرم اور مرطوب موسم کی شدت میں کمی آئے گی جبکہ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔








