بالی وڈ اداکار دلیپ کمارممبئی کے قبرستان میں سپرد خاک

ممبئی۔7جولائی (اے پی پی):بالی وڈ کے معروف اداکار اورٹریجڈی کنگ دلیپ کمار کو ممبئی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دلیپ کمار کے نام سے مشہوریوسف خان1922 کو پشاور کے محلہ خداداد میں پیدا ہوئے ان کا آبائی گھر آج بھی پشاور میں موجود ہے جسے صوبائی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا اور اسے عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے 1944میں …

ممبئی۔7جولائی (اے پی پی):بالی وڈ کے معروف اداکار اورٹریجڈی کنگ دلیپ کمار کو ممبئی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دلیپ کمار کے نام سے مشہوریوسف خان1922 کو پشاور کے محلہ خداداد میں پیدا ہوئے ان کا آبائی گھر آج بھی پشاور میں موجود ہے جسے صوبائی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا اور اسے عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے 1944میں فلم” جوار بھاٹا“ سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا، 1947میں فلم ”جگنو“ میں نور جہان کے ساتھ دکھائی دیئے جس نے باکس آفس پر دھوم مچادی۔ اس کے بعد وہ 1948میں فلم” شہید “ اور ” میلہ“ میں جلوہ گر ہوئے یہ دونوں فلمیں بھی بہت ہٹ رہیں۔1949میں بننے والی فلم” انداز“ ان کے کیرئیر کے لیے عروج کا باعث بنی جس میں وہ راج کپور اور نرگس کے ہمراہ دکھائی دیئے اسی سال انہوں نے دوسری ہٹ فلم ” شبنم “دی۔

انہوں نے 50کی دہائی میں متعدد فلموں میں ایسے کردار ادا کیے جن کی وجہ سے انہیں” ٹریجڈی کنگ “ کے خطاب سے نوازا گیا۔دلیپ کمار وہ پہلے اداکار تھے جنہیں فلم ” داغ “ کے لیے فلم فیئر بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے نوازا گیا اور انہوں نے یہ ایوارڈ 7 بار اپنے نام کیا ۔ انہوں نے بھارتی اداکارہ و ڈانسر ویجنتھی مالا ، مدھو بالا، نرگس، نیمی، مینا کماری اور کامنی کوشال کے ساتھ کام کیا ۔ ان کی مشہور فلموں میں انداز، آن، داغ، دیوداس، آزاد، مغل اعظم ، گنگا جمنا ، رام اور شام شامل ہیں ۔ انہوں نے پانچ سال کے وقفہ کے بعد 1981میں فلم ” کرانتیKranti“ سے فلم نگری میں واپسی اختیار کی جس کے بعدانہوں نے فلم” شکتی، مشال، کرما ، سودا گر اور قلعہ“ میں مرکزی کردار ادا کیے۔

دلیپ کمار نے اپنے 5دہائیوں سے زائد کریئر میں 65سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ دلیپ کمار فلم ”ترانہ“ کی عکسبندی کے دوران اداکارہ مدھوبالا کو اپنا دل دے بیٹھے۔فلم ” نیا دور“ کے لیے لین دین کے معاملے پر دلیپ کمار نے مدھوبالا کے والد کے خلاف گواہی دی جس کے بعد ان کی 7سالہ محبت میں ڈراڑ پیدا ہو گئی اور پھر دلیپ کمار نے 1966میں خود سے 20سال چھوٹٰی لڑکی اداکارہ سائرہ بانو کے ساتھ شادی کی۔ انہوں نے 1981میں حیدر آباد کی سوشلائٹ اسما صاحبہ کے ساتھ دوسری شادی کی جو جنوری1983میں ختم ہو گئی ۔ شہنشاہ جذبات کا لقب پانے والے دلیپ کمارکو بھارتی فلم کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جب کہ انہیں پاکستانی حکومت کی طرف سے 1998 میں نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔

ان کی وفات پر صدر پاکستان عارف علو ی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سمیت دیگر سیاسی اور حکومتی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدرمملکت عارف علوی نے دلیپ کمار کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم بہترین اداکار، ایک عاجزی پسند انسان اور عظیم شخصیت تھے۔ انہوں نے دلیپ کمار کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ تعزیت بھی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹریجڈی کنگ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا ، شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کے آغاز کے وقت فنڈز اکٹھا کرنے کے سلسلے میں ان کی فراخ دلی کو کبھی نہیں بھول سکتا، یہ ایک مشکل وقت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دلیپ کمارکی وفات فلمی دنیا کے ایک سنہری عہد کا اختتام ہے، بھارتی فلم نگری میں یوسف خان بن کر جانے والے کو دلیپ کمارکی غیر معمولی شہرت نے بام عروج پرپہنچایا، جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے دلیپ کمارکا نام دلوں کی دھڑکن ہے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دلیپ کمار ایک عہد ساز فنکار تھے، ان کا متبادل ممکن نہیں، اپنی ملاقاتوں میں بھی انہوں نے دلیپ کمار کو ایک سحر انگیز شخصیت پایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دلیپ کمار کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اورتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار نے کئی دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا، اور اپنی اداکاری کے انمنٹ نقوش چھوڑے۔گور نر پنجاب چوہدری سرور نے گلاسکو مسجد کے دورے کی دلیپ کمار کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی اور کہا کہ فن کے لیے دلیپ کمار کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔