اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے کہاہےکہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتی احکامات اور طے شدہ قانونی طریقہ کار کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی گئی۔جمعہ کو سینیٹ اجلاس میں ارکان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اٹھائے گئے خدشات …
بانی پی ٹی آئی کو عدالتی احکامات اور طے شدہ قانونی طریقہ کار کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، علاج میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی گئی،رانا ثنااللہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے کہاہےکہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتی احکامات اور طے شدہ قانونی طریقہ کار کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی گئی۔جمعہ کو سینیٹ اجلاس میں ارکان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اٹھائے گئے خدشات کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی معلومات کے بعد ان کی رہائش اور سہولیات سے متعلق بیشتر سوالات حل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس میں زیادہ تر مطابقت پائی جاتی ہے۔
مشیر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے جنوری کے پہلے ہفتے میں آنکھ کے مسئلے کی شکایت کی تھی۔ شکایت کے بعد جیل کے ڈاکٹر نے آنکھوں کے قطرے تجویز کیے، تاہم افاقہ نہ ہونے پر فوری طور پر مزید طبی اقدامات شروع کیے گئے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ معاملہ 15 جنوری کو ماہر ڈاکٹروں کے سپرد کیا گیا اور اگلے روز طبی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں مختلف ڈاکٹروں نے ان کی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ 19 جنوری کو چار رکنی میڈیکل ٹیم نے دوبارہ معائنہ کیا، جس دوران مختلف تشخیصی ٹیسٹ کیے گئے۔
طبی رپورٹ کی بنیاد پر 24 جنوری کو ضروری علاج، بشمول انجیکشن، فراہم کیا گیا۔انہوں نے سینیٹ کو بتایا کہ یہ تمام حقائق دستاویزی شکل میں موجود ہیں اور طبی ریکارڈ کے مطابق علاج کے کسی مرحلے میں تاخیر یا غفلت نہیں ہوئی۔رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کئی ماہ سے تکلیف میں تھے، کیونکہ دستیاب طبی ریکارڈ اس دعوے کی تائید نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہم طبی علامات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی شکایت پر فوری توجہ دی جاتی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے معاملات کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے بلکہ انہیں صرف طبی اور قانونی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔رانا ثناء اللہ نے یقین دہانی کرائی کہ عدالتی ہدایات کے مطابق تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی اور اگر مزید علاج کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی مہیا کیا جائے گا۔








