باچا خان ایئرپورٹ پر ہنگامی انخلا اور آگ بجھانے کی مشق

115
"youm-e-estehsaal"
"youm-e-estehsaal"

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے پشاور کے باچا خان بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہنگامی انخلا اور آگ بجھانے کی مشق کا اہتمام کیا ۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ مشق دفاتر، انتظامی بلاک، ٹرمینل بلڈنگ لیول 1، 2 اور 3 میں منعقد کی گئی۔فائر الارم کے ساتھ ہی فائر وارڈنز نے مکینوں کو طے شدہ اسمبلی ایریا میں اکھٹا کیا۔ ڈومیسٹک فائر ٹینڈرز اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے فائر اسٹیشن اسٹرائیکر نے کارروائی میں حصہ لیا۔

ترجمان پی اے اے نے بتایا کہ پشاور ائیرپورٹ ہنگامی انخلاء مشق میں ریسکیو 1122 کی فائر وہیکل نے بھی حصہ لیا۔مشق کے دوران پی اے اے کی ایک ایمبولینس اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینس بھی ٹرمینل بلڈنگ پہنچیں۔پشاور ائیرپورٹ کے تمام سطحوں کا انخلا کامیابی کے ساتھ تین منٹ کے مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کیا گیا ۔مشق کے دوران اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی جانب سے تمام ایریاز میں ایک مکمل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا۔

پشاور ائیرپورٹ پر مشق کا اختتام اسمبلی ایریا میں ہیڈ کاؤنٹ اور انخلا کرنے والوں کی بریفنگ کے ساتھ ہوا۔ ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر، چیف فنانشل اینڈ رسک آفیسر، پی آئی اے سٹیشن منیجر بھی مشق میں موجود تھے۔ پی اے اے، پی آئی اے، اے ایس ایف اور مختلف ایئر لائنز کے حکام نے بھی پشاور ائیرپورٹ ہنگامی انخلاء مشق میں حصہ لیا۔