باکسنگ، ورلڈ چیمپئن ناؤیا انوئی کا حریف نکاٹانی کو شکست دینے کا عزم، ٹوکیو ڈوم میں بڑے مقابلے کی تیاریاں مکمل

جاپان کے عالمی شہرت یافتہ باکسر اور سپر بینٹم ویٹ کیٹیگری کے غیر متنازع چیمپئن ناؤیا انوئی نے ہم وطن جنٹو نکاٹانی کے خلاف 2 مئی کو ہونے والے تاریخی مقابلے کے لیے اپنی تیاریوں کا اعتماد کے ساتھ اعلان کر دیا ہے۔

ٹوکیو۔21اپریل (اے پی پی):جاپان کے عالمی شہرت یافتہ باکسر اور سپر بینٹم ویٹ کیٹیگری کے غیر متنازع چیمپئن ناؤیا انوئی نے ہم وطن جنٹو نکاٹانی کے خلاف 2 مئی کو ہونے والے تاریخی مقابلے کے لیے اپنی تیاریوں کا اعتماد کے ساتھ اعلان کر دیا ہے۔ ٹوکیو ڈوم میں ہونے والے اس بڑے معرکے سے قبل یوکوہاما میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دی مونسٹر کے نام سے مشہور انوئی نے کہا کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں اور ان کے ذہن میں حریف کو زیر کرنے کا واضح پلان موجود ہے۔

ناؤیا انوئی کا مقابلہ ایک ایسے باکسر سے ہے جس کا ریکارڈ بھی انوئی کی طرح 32 فتوحات پر مشتمل ہے اور وہ اب تک ناقابل شکست ہیں۔ 33 سالہ انوئی جو اپنے قد میں نکاٹانی سے 8 سینٹی میٹر چھوٹے ہیں نے ٹریننگ کے دوران باڈی شاٹس اور مختلف زاویوں سے پنچ مارنے کی مشق کی تاکہ قد کے فرق کو اپنی حکمت عملی سے ختم کر سکیں۔ انوئی کا کہنا تھا کہ وہ نکاٹانی کے کسی بھی انداز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور شائقین کو ایک بہترین فائٹ دیکھنے کو ملے گی۔

جاپانی باکسنگ کی تاریخ کے اس سب سے بڑے مقابلے کے لیے ٹوکیو ڈوم کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ یاد رہے کہ ناؤیا انوئی اس سے قبل 2024 میں میکسیکو کے لوئس نیری کو شکست دے کر اپنی دھاک بٹھا چکے ہیں۔ انوئی نے اس مقابلے کو اپنے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف جیتنا نہیں بلکہ ایک شاندار کارکردگی کے ذریعے شائقین کے دل جیتنا ہے۔