ننکانہ صاحب۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ بابا گرو نانک یونورسٹی کو عالمی معیار کی یونیورسٹی بنائیں گے، یونیورسٹی میں پنجابی اور خالصہ زبان بھی پڑھائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بابا گرو نانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بابا گرونانک یونیورسٹی کا قیام گزشتہ 13 برس سے تاخیر کا شکار رہا تاہم موجودہ دور حکومت میں یونیورسٹی کا منصوبہ حقیقی روپ میں ابھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابا گرونانک یونیورسٹی کو عالمی معیار کی یونیورسٹی بنائیں گے جہاں خالصہ اور پنجابی زبان بھی پڑھائی جائے گی۔ اعجاز شاہ نے امید ظاہر کی کہ حکومت منصوبے کی تکمیل میں بھرپور کردار ادا کرے گی اور ہر ممکن معاونت فرہم کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی کی تعمیر میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں۔