با شعور عوام کرپٹ ٹولے کی سیاست بچانے کیلئے کسی تحریک کا ایندھن نہیں بنیں گے، رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ

167

لاہور۔24مارچ (اے پی پی):چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ و تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کواپنے مارچ کا سلوگن مہنگائی مکائو نہیں بلکہ کر پشن بچائو رکھنا چاہیے،عوام کا شعور ابھی اتنا کمزور نہیں ہوا کہ وہ کرپٹ اپوزیشن کو اپنا مسیحا سمجھنے لگیں۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ با شعور عوام کرپٹ ٹولے کی سیاست کو بچانے کیلئے کسی بھی تحریک کا ایندھن نہیں بنیں گے بلکہ ان کے احتساب کیلئے بے چین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں احتساب کے عمل کومنطقی انجام تک پہنچائے بغیر ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے ، ذاتی مفادات کیلئے زبردستی متحد ہونے والی اپوزیشن کا شیرازہ بکھرنے والا ہے ، شکست فاش پر یہ ایک دوسرے کے گریبان چاک کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سیاست میں اخلاقیات اور اصولوں کی پاسداری کی جنگ لڑ رہے ہیں ،عوام بیدار ہو گئے ہیں ،ان شا اللہ 27مارچ کو اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر نظر آئے گا۔