لاہور۔13اگست (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری،24گھنٹوں کے دوران21ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 477ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے135 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ21کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
پکڑے جانے والے کنکشنز میں 13 کمرشل،5زرعی،1انڈسٹریل اور458 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو4لاکھ9ہزار876 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1 کرڑو55 لاکھ15 ہزار91 روپے ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کو317روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ15ہزار43ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،95ہزار473 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر37 ہزار261 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک12کروڑ69لاکھ 43 ہزار936 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب55کروڑ49لاکھ49ہزار410روپے ہے۔