ملتان۔ 12 ستمبر (اے پی پی): بجلی کے واجبات ادانہ کرنے والوں کے خلاف میپکوریجن میں آپریشن کے دوران رحیم یارخان میں سابق وفاقی وزیرمخدوم خسرو بختیار کاچیف کوارڈینیٹر اجمل رشید کورائی بجلی چوری کے الزام میں پکڑا گیا ۔
منگل کو میپکو کے مطابق بجلی کے واجبات ادانہ کرنے اور بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف میپکوریجن میں آپریشن جاری ہے ، ایک کروڑ14لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 13ڈیفالٹرز کے کنکشنز منقطع کردیئے گئے جبکہ زرعی ڈیفالٹرز کے کنکشنز منقطع کرکے ٹرانسفارمرز قبضہ میں لے لئے گئے۔
عارفوالہ میں56لاکھ40ہزارروپے کے بقایاجات ادانہ کرنے پر8ٹرانسفارمرز اتارے گئے۔قصبہ مڑل ملتان میں 10لاکھ50ہزارروپے کی عدم ادائیگی پر 2ٹرانسفارمرز ا±تارے گئے ۔لودہراں، خانپور، مظفرگڑھ اورپاکپتن کے علاقوں میں بھی لاکھوں روپے کے ڈیفالٹرز کے کنکشنز منقطع کئے گئے۔
آپریشن کے آغاز کے پانچویں روز مجموعی طورپر23بجلی چوروں کو گرفتارکیاگیا،اب تک 1597 بجلی چورپکڑے گئے ،دس کروڑ 14لاکھ روپے جرمانہ کیاگیاجبکہ 676افرادکے خلاف مقدمات درج کئے گئے ،میاں والی ،رحیم یارخان میں سابق وفاقی وزیرمخدوم خسرو بختیار کاچیف کوارڈینیٹر اجمل رشید کورائی بجلی چوری کرکے ٹیوب ویل چلاتے پکڑاگیا ہے۔