اٹک۔ 11 ستمبر (اے پی پی):بجلی چوری کی روک تھام کے لیے بنائی گئی خصوصی ٹاسک فورس ٹیم نے ضلع اٹک میں بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 15 بجلی چوروں کو پکڑ لیاہے، سرکاری ذرائع کے مطابق آئیسکو کی ٹاسک فورس ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے ضلع کے مختلف دیہی اور شہری علاقوں میں چھاپے مار کر مین لائنوں سے بجلی چوری اور میٹر میں چھیڑ چھاڑ میں ملوث 15 ملزمان کو پکڑ لیا اور انہوں نے بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف پانچ ایف آئی آر درج کیں۔
ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گرفتاریاں ضلع کی تمام 6 تحصیلوں میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بجلی چوری روکنے کے لیے سخت احکامات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق آئیسکو کی اسپیشل ٹاسک فورس نے پولیس کی مدد سے ان گھروں پر چھاپے مارے جہاں بجلی چوری کے لیے براہ راست ہکس استعمال کیے جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران 1907 گھریلو اور کمرشل کنکشنز کی چیکنگ کی گئی جس میں مختلف ذرائع سے بجلی چوری میں ملوث 15 افراد کو پکڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اوران کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کریک ڈاؤن اس وقت تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشن اٹک شہزاد نیاز کھوکھر، چیف کوآرڈینیٹر اٹک پریس کلب رجسٹرڈ نثار علی خان اور آئیسکو کے افسران بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389290