بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد کمی ریکارڈ

Pakistan Bureau of Statistics
Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے ۔پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023سے لے کر فروری 2024 تک بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 268 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28 فیصدکم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 374 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف ہواتھا۔ فروری میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کاحجم 23 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 40 فیصد کم ہے ۔گزشتہ سال فروری میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کاحجم 38 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مشینری گروپ کی مجموعی درآمدات کاحجم 5.045 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشینری گروپ کی مجموعی درآمدات کاحجم 4.154 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔